Westland and a sleepy tribe Wajahat masood column October 15 2019
ویسٹ لینڈ اور نیند میں چلنے والا قبیلہ وجاہت مسعود
اب اپنے ملک کی خبر لیجئے۔ اتفاق سے ہمارے ملک میں بھی 14ماہ پہلے عمران خان کی سواری باد بہاری بڑے اہتمام سے ایوان وزیراعظم پہنچائی گئی۔ انتخابات میں ہار جیت جمہوری عمل کا حصہ ہے لیکن ہمیں بتایا گیا کہ ہمارے دیدہ ور کو عروس نرگس نے ہزار سالہ آہ و زاری کے آنسوؤں سے غسل دیا ہے۔ عوامی مقبولیت، ریاستی پخت و پز اور تعمیرات سیاسی کی مہارت سے خواب کا یہ رنگ محل تعمیر کیا گیا۔ اب اس سعی کا انجام دیکھیے۔ منتخب وزیراعظم اور ان کی حکومت نے تمام مخالف سیاسی قوتوں کا مقاطعہ کر رکھا ہے۔ مفروضہ یہ ہے کہ حکومتی جماعت کو چھوڑ کر تمام سیاسی قوتیں بدعنوان اور گردن زدنی ہیں۔ سیاسی مخالفین جیلوں میں ہیں، ذرائع ابلاغ کا قافیہ تنگ ہے، پارلیمنٹ مفلوج ہے، خود ساختہ خلائی تجربے سے گزرنے والی حکومت بے وزنی کی کیفیت سے دوچار ہے، جمہوریت کا یہ چلن کامیاب نہیں ہو سکتا۔ معاملہ ہی کیا ہو اگر زیاں کے لئے…
معیشت کا حل پہلے سے کچھ ایسا سرسبز نہیں تھا لیکن اب لٹیا بالکل ڈوب گئی ہے۔ عشروں سے قرض پر مدار ہے۔ معیشت پیداواری نہیں، دست نگر ہے۔ صنعت مانگے تانگے کی ہے، زراعت میں کسی فصل کی فی ایکڑ پیداوار عالمی پیمانے پر قابل مسابقت نہیں، کاروبار غیر دستاویزی اور نادیدہ اجارہ داریوں سے مملو ہے۔ برآمدات بڑھانے کی دہائی سنائی دیتی ہے، یہ نہیں بتایا جاتا کہ آخر فروخت کرنے کو ہے کیا؟ پچھلے 40برس میں کسی بھی درجے کی صلاحیت اور استعداد رکھنے والے لاکھوں شہری ملک چھوڑ گئے۔ سالانہ 20ارب ڈالر کی ترسیلات زر کے ہوائی رزق پر خوش ہونے والوں نے کارآمد اور تعلیم یافتہ افراد کے مہاجرت کے اجتماعی معاشی اور تمدنی نقصان کا تخمینہ نہیں لگایا۔ معیشت کا براہ راست تعلق انسانی سرمائے کے معیار سے ہے۔ یہ سرمایہ تعلیم کے ذریعے تخلیق کیا جاتا ہے۔ ہم نے تعلیم کی بنیاد علم سے دشمنی پر رکھی ہے۔ پیوستہ مفادات کو حقیقی طور پر تعلیم یافتہ آبادی کے تصور ہی سے ہول آتے ہیں چنانچہ تعلیم کے نام پر تلقین اور تقلید کی روش اپنائی ہے۔ یہ طالب علموں کی استعداد کا نہیں، اساتذہ کی کم سوادی کا سوال ہے۔ تعلیم کے لئے وسائل میں کٹوتی ہو رہی ہے۔ یکساں نظام تعلیم کے لغو نعرے کی آڑ میں نسبتاً بہتر تعلیمی اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ اشرافیہ کے بچے بیرون ملک تعلیم پا رہے ہیں، چنانچہ اندرون ملک اکا دکا تعلیمی نخلستان میں گدھے کا ہل چلاکر قومی پسماندگی بڑھانے میں ہرج نہیں۔
کسی ملک میں سیاسی بندوبست، معاشی امکانات اور صحافتی آزادی کے معمولی اشارے کیا ہیں؟ شہری ملک چھوڑ کے بھاگنا چاہتے ہیں یا وہاں آنے کے لئے اتاؤلے ہو رہے ہیں۔ سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے یا پہلے سے موجود سرمایہ بھی فرار ہو رہا ہے۔ عوام اہل صحافت کی آواز پر کان دھرتے ہیں یا صحافت کو ناقابل اعتبار، بکاؤ اور حکمیہ کتر بیونت کا نمونہ سمجھتے ہیں۔ قوم کے وقار کا ایک پیمانہ اس کی خارجہ ساکھ ہے۔ ہمیں تو نیند میں چلنے کا ایسا عارضہ لاحق ہے کہ ایک تقریر کے خمار میں ہفتوں انٹاغفیل رہتے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف میں ہمارا فیصلہ بدستور معلق ہے۔ کشمیر پر ہمارے موقف کو کسی نے آنکھ بھر کے نہیں دیکھا اور ہم دوسرے ملکوں میں ثالثی کا شوق پالے ہوئے ہیں۔ وجہ یہ کہ داخلی سیاسی اور معاشی صورت حال سے نظریں ملانے کی ہمت نہیں۔ کبھی سوچا کہ زوال، ابتری اور بحران کی یہ بلائیں ہمارے ہی دروازے پر کیوں جمع ہیں؟ ٹی ایس ایلیٹ کی ویسٹ لینڈ سے چند سطریں دیکھ لیجئے، کوئی مشابہت محض اتفاقیہ ہو گی۔
Who is the third who walks always beside you?
When I count, there are only you and I together
But when I look ahead up the white road
There is always another one walking beside you
Gliding wrapt in a brown mantle, hooded
I do not know whether a man or a woman-
But who is that on the other side of y



No comments: